حیدرآباد: فرینکفرٹ سے حیدرآباد آنے والی لفتھانزا کی پرواز LH 752 کو اتوار 15 جون کی شام بم کی دھمکی Lufthansa Bomb Threatکے بعد دوران پرواز واپس فرینکفرٹ موڑ دیا گیا۔ یہ پرواز راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئی تھی لیکن بلغاریہ کی فضائی حدود میں پہنچنے کے بعد خطرے کا الرٹ موصول ہوا۔
طیارے نے تقریباً دو گھنٹے تک فضا میں چکر لگانے کے بعد پائلٹ نے واپس فرینکفرٹ لوٹنے کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد ہوائی اڈہ کے حکام نے اس دھمکی اور پرواز کی واپسی کی تصدیق کی ہے۔
یہ رواں سال میں لفتھانزا کے ساتھ پیش آنے والا دوسرا ایسا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 4 فروری 2025 کو چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک گمنام ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی دی گئی تھی، جس کا نشانہ ایک لفتھانزا پرواز تھی جو فرینکفرٹ کے لیے 274 مسافروں کے ساتھ روانہ ہونے والی تھی۔
حکام کے مطابق حالیہ واقعہ بھی ممکنہ طور پر جھوٹی اطلاع ثابت ہو سکتا ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کیے گئے۔ ہندوستانی حکام اور ہوابازی کے سیکورٹی ادارے اس قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے طے شدہ پروٹوکول پر سختی سے عمل کر رہے ہیں۔