حیدرآباد: ایم ایل اے تیلم وینکٹ راو کی فوری کاروائی نے ایک قیمتی جان بچا لی۔ بھدراچلم کے دورے کے دوران کانگریس لیڈر سدھاکر کو اچانک دل کا دورہ پڑا، لیکن ایم ایل اے تیلم وینکٹ راؤ نے موقع پر ہی سی پی آر دے کر ان کی جان بچا لی۔
یہ واقعہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب وزیر تومّلا ناگیشور راؤ کے ساتھ ایم ایل اے تیلم وینکٹ راؤ ایک سرکاری پروگرام میں شریک تھے۔ اس وفد کے ہمراہ سفر کر رہے کانگریس لیڈر سدھاکر اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے تیلم وینکٹ راؤ نے فوراً مداخلت کی اور موقع پر ہی قلبی بحالی کی معروف طبی تکنیک سی پی آر کا استعمال کیا۔ ان کی فوری کاروائی کی بدولت سودھاکر کی حالت کچھ دیر بعد مستحکم ہو گئی، اور طبی امداد آنے تک وہ ہوش میں آ چکے تھے۔
موقع پر موجود افراد نے ایم ایل اے کی حاضر دماغی اور فوری ردعمل کی ستائش کی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیلم وینکٹ راؤ کس طرح جانفشانی سے امداد فراہم کر رہے ہیں۔
سیاسی قائدین اور عوام نے ایم ایل اے کے اس انسانی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے قائدین عوام کے لیے حقیقی رول ماڈل ہیں۔