حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ضلع ایلورو میں ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں پرائیویٹ بس اور سیمنٹ لار ی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ جمعرات کی علی الصبح چوڈیمیلا کے قریب پیش آیا، جب رامنا ٹراویلس کی ایک بس جو حیدرآباد سے کاکیناڈا جا رہی تھی، سوموارپاڈو ہائی وے پر آگے جا رہی سیمنٹ لار ی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد بس بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس سے تین مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی ممکنہ وجوہات اور ٹریفک کی صورتحال
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، تیز رفتاری اور ڈرائیور کی نیند حادثے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔ بس کے سڑک کے بیچوں بیچ الٹ جانے کی وجہ سے ہائی وے پر طویل ٹریفک جام لگ گیا۔ بعد ازاں، کرین کی مدد سے بس کو ہٹایا گیا اور ٹریفک بحال کر دیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔