حیدرآباد: تلنگانہ میں ریاست گیر دعوتِ افطار اور عیدالفطر کی تقریبات کے لیے شاندار اور ہم آہنگ تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ہفتہ کو اسمبلی میٹنگ ہال میں نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا، وزیر پونم پربھاکر اور سرکاری مشیر محمد علی شبیر نے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
یہ اجلاس چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی کی جانب سے 25 مارچ کو ایل بی اسٹیڈیم، حیدرآباد میں دی جانے والی مرکزی دعوتِ افطار کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک کی مجموعی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے عہدیداران نے سرگرم شرکت کی۔
نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، جو ہائی پاور کمیٹی کے صدر ہیں، نے کہا کہ یہ تقریب جذباتی اور ثقافتی اہمیت کی حامل ہے اور اسے ریاستی حکومت کی مذہبی ہم آہنگی اور روایات کے احترام کا مظہر ہونا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ افطار اور رمضان سے متعلق انتظامات کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی اور ہر شعبہ میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ کھانے، مہمان نوازی، صفائی، پروٹوکول، قانون و نظم، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، صاف پانی اور دیگر سہولیات میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر خود یا ضلع انچارج وزیر پننم پربھاکر کو اطلاع دی جائے۔
وزیر پونم پربھاکر نے نائب وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی تائید کرتے ہوئے افسران سے اپیل کی کہ وہ ان منصوبوں کو خلوص اور باریکی سے عملی جامہ پہنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوتِ افطار کے ساتھ ساتھ رمضان کے باقی دنوں اور عیدالفطر کے لیے بھی مکمل اور شاندار انتظامات ناگزیر ہیں۔
اجلاس کے دوران، جب نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر اسمبلی کارروائی کے لیے روانہ ہو گئے، تو سرکاری مشیر محمد علی شبیر نے اجلاس کی صدارت سنبھالی اور مزید ہدایات جاری کیں۔ بطور نائب صدر ہائی پاور کمیٹی، شبیر علی کو روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے اور انتظامات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انہوں نے گزشتہ 20 دنوں کے دوران پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی، صفائی اور قانون و نظم کے بہتر انتظامات پر افسران کی ستائش کی اور زور دیا کہ یہی معیار عید تک برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ریاست بھر کی بڑی مساجد اور عیدگاہوں میں عید کی نماز کے خصوصی انتظامات پر بھی زور دیا۔
انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 815 مساجد میں افطار کے لیے 8.15 کروڑ روپۓ اور ائمہ و مؤذنین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 23 کروڑ روپۓ جاری کیے۔ شبیر علی نے اپیل کی کہ یہ تنخواہیں گرین چینل کے ذریعہ باقاعدگی سے جاری کی جائیں تاکہ تاخیر نہ ہو۔
شبیر علی نے محکمہ جات کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مستقبل میں کسی بھی کوتاہی سے بچنے کے لیے باہمی اشتراک اور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے دی جانے والی دعوتِ افطار ایک باوقار اور جذباتی تقریب ہوگی جو ریاست کی شمولیت اور روایات کی عکاسی کرے گی۔
تمام متعلقہ محکموں کو ہائی پاور کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ شبیر علی کی براہ راست نگرانی میں باقاعدہ مانیٹرنگ، رابطہ کاری، اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ دعوتِ افطار اور عید الفطر کی تقریبات شاندار اور خلوص سے انجام دی جائیں۔