حیدرآباد: بروز چہارشنبہ ایک افسوس ناک واقعہ میں بھدراچلم میں پنچایت دفتر کے قریب زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو مزدور موقع پر ہی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ امدادی کاروائیاں جاری ہیں، اور ہنگامی ردعمل ٹیمیں بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے ملبے تلے پھنسے ممکنہ زندہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ حکام متاثرین کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں یہ گمان کیا گیا تھا کہ چھ افراد ملبہ کے نیچے پھنس کر ہلاک ہوگئے تاہم دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ عمارت کے قریب راحت کاری کام جاری ہے۔ تعمیری سرگرمیوں کو روک دیا گیا ہے اور عمار کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ میونسپل ۔ ریونیو اور پولیس عہدیدار مزید تفصیلات جمع کرنے میں مصروف ہیں۔