حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کنٹریکٹ پر جاری رہنے والے ملازمین کے حوالے سے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ایسے 6,729 ملازمین کو برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔
برطرف کیے جانے والوں میں سینئر افسران این وی ایس ریڈی، کشور راؤ، اور ٹرانسکو و جینکو کے ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں۔ حکومت نے پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ان کی خدمات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سرکاری نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں، حکومت نے ہدایت دی ہے کہ اگر مستقبل میں ریٹائرڈ ملازمین کی ضرورت ہو تو انہیں کسی بھی عہدے پر برقرار رکھنے کے بجائے نئے نوٹیفکیشن کے ذریعے دوبارہ تقرر کیا جائے۔ اس اقدام سے نئے امیدواروں کے لیے مواقع پیدا ہوں گے اور سرکاری بھرتیوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔