حیدرآباد: چھتیس گڑھ کے ضلع سُکما اور دنتےواڑہ کی سرحد پر ہفتہ کی صبح پولیس اور نکسلائٹوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ ضلع ریزرو گارڈ (DRG) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کے 500 سے 600 اہلکاروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے کاروائی میں 16 نکسلائٹوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ کیرلاپال تھانے کے حدود میں اُپم پلی کے قریب پیش آیا۔
DIG کملوچن کشیپ نے روزنامہ بھاسکر کو بتایا کہ 16 نکسلائٹوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ INSAS اور SLR جیسے آٹومیٹک ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں بعض بڑے کمانڈر شامل ہیں، جن کی شناخت جاری ہے۔
DIG نے مزید بتایا کہ جھڑپ میں DRG کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، لیکن وہ خطرے سے باہر ہیں۔ آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ DRG کے اہلکاروں نے تقریباً 10 کلومیٹر پیدل چل کر لاشوں کو کندھوں پر اُٹھا کر جنگل سے واپس لایا۔ دوسری طرف CRPF کے اہلکار تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہلاک شدہ نکسلائٹوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔
اس سے قبل 25 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے 25 لاکھ روپے کے انعام یافتہ نکسلائٹ سدھیر عرف سدھاکر سمیت تین نکسلائٹوں کو ہلاک کیا تھا۔ بستر رینج میں 2025 کے دوران اب تک 100 نکسلائٹ سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔ صرف مارچ کے مہینے میں 49 نکسلائٹ مارے گئے ہیں۔