حیدرآباد: میدک سے بی جے پی ایم پی رگھونندن راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت چیلنج دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی (HCU) کو الاٹ کی گئی اراضی کے تحفظ کے لیے عملی اقدام کریں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا:
“اگر واقعی آپ کی حکومت اندرا امّاں راجیم ہے جیسا کہ آپ دعویٰ کرتے ہیں، تو 1974 میں اندرا گاندھی حکومت کی جانب سے ایچ سی یو کو دی گئی 2,324 ایکڑ اراضی کو فوراً کمپاؤنڈ وال کے ذریعے محفوظ کر کے یونیورسٹی کے حوالے کیا جائے۔”
رگھونندن راؤ نے ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف طلبہ کے حق میں بیانات دے رہے ہیں اور مقدمات واپس لینے کی باتیں کر رہے ہیں، لیکن یونیورسٹی اراضی کے تحفظ کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت مکمل 2,324 ایکڑ اراضی محفوظ نہیں کر سکتی، تو 2012 میں کلکٹر کی رپورٹ کے مطابق کم از کم 2,185 ایکڑ پر فوری کمپاؤنڈ وال تعمیر کی جائے اور اس زمین کا مکمل اختیار یونیورسٹی کو دیا جائے۔
ان کے اس بیان نے ریاستی حکومت پر سیاسی دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ایچ سی یو اراضی کا مسئلہ تلنگانہ کی سیاست میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔