حیدرآباد: بی جے پی کے رکن پارلیمان ڈاکٹر کے۔ لکشمن نے ذات پر مبنی مردم شماری کے مجوزہ منصوبے پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ مردم شماری محض مسلمانوں کو خوش کرنے کے مقصد سے کی جا رہی ہے۔
لکشمن نے کہا کہ مسلمانوں کو پسماندہ طبقات (BC) کی فہرست میں شامل کرنے کے ذریعے کانگریس اور بھارت راشٹرا سمیتی (BRS) حقیقی او بی سی (OBC) طبقات کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوال کیا کہ راہول گاندھی اسی ماڈل کی نمائندگی کر رہے ہیں؟
بی جے پی ایم پی نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس صرف دکھاوے کی سیاست کر رہے ہیں اور او بی سی طبقات کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ تمام اقدامات سیاسی مفادات کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں اور اس سے حقیقی معنوں میں پسماندہ طبقات کو نقصان پہنچے گا۔