حیدرآباد: تلنگانہ کے وزراء کونڈہ سریکھا اور سیتکّا نے ورنگل میں ایک عظیم الشان جاب فیئر کا افتتاح کیا، جہاں 60 کمپنیوں کی شرکت سے 11,000 ملازمتیں نوجوان امیدواروں کو فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزراء نے کہا کہ ہر کسی کو سرکاری ملازمت ملنا ممکن نہیں، لیکن باصلاحیت اور ہنر مند نوجوانوں کے لیے پرائیویٹ سیکٹر میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں، حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزراء نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے دور میں 10,000 ملازمتیں بھی نہیں دی گئیں، جبکہ موجودہ کانگریس حکومت نے اب تک 60,000 ملازمتیں فراہم کی ہیں، جو حکومت کی بے روزگاری کے خلاف سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔
جاب فیئر میں مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی، جہاں ملک کی مختلف معروف کمپنیوں کی جانب سے تقرری عمل کا انعقاد کیا گیا۔