حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر میں Food Donors کو سہارا دینے کے لیے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے 348 کروڑ روپۓ جاری کر دیے ہیں۔ یہ رقم ‘انا دان’ اسکیم کے تحت عطیہ دہندگان اور مذہبی و فلاحی اداروں کو فراہم کی جائے گی، جو عوام کو مفت کھانا فراہم کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی کابینہ نے یہ فیصلہ لیا، جس کا مقصد فاقہ کشی کا شکار عوام تک غذا پہنچانے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ انا دان ایک عظیم سماجی خدمت ہے، جسے ریاستی سطح پر مضبوط کیا جانا چاہیے۔
یہ فنڈ مختلف مندروں، گردواروں، درگاہوں، این جی اوز اور دیگر سماجی تنظیموں کے توسط سے مفت کھانے کے انتظامات کو مستحکم بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ادارے کا مکمل آڈٹ ہوگا۔
حکومت نے ضلعی کلکٹروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مستحق اور فعال اداروں کی نشاندہی کریں اور ان کے منصوبوں کو منظوری دے کر فوری فنڈز جاری کریں۔ اس فیصلے کو سماجی حلقوں، مذہبی اداروں اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ قدم نہ صرف فلاحی جذبے کو فروغ دے گا بلکہ ریاست میں ہم آہنگی، ہمدردی اور بھائی چارے کے ماحول کو بھی مضبوط کرے گا۔ حکومت کی جانب سے انا دان اسکیم کے فروغ کے لیے اشتہاری مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ مزید افراد آگے آ کر اس کار خیر میں حصہ لیں۔