حیدرآباد: حیدرآباد کے بیگم پیٹ ٹورازم پلازہ میں ہفتہ کے روز Femina Miss India 2023 نندنی گپتا کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سیاحت پونم پربھاکر اور پرنسپل سکریٹری برائے سیاحت سمیتا سبروال نے نندنی گپتا کا خیرمقدم کیا۔
یہ تقریب Miss World 2025 کے تناظر میں منعقد کی گئی، جو کہ 7 مئی سے 31 مئی تک تلنگانہ کے مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی ہے۔ اس عالمی مقابلے میں تقریباً 140 ممالک کی نمائندگی متوقع ہے، جس کے افتتاحی اور اختتامی پروگرام حیدرآباد میں ہوں گے۔
ریاستی حکومت نے اس بین الاقوامی ایونٹ کے لیے تقریباً 200 کروڑ روپۓ مختص کیے ہیں، جس کا مقصد ریاست میں سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ یہ ایونٹ تلنگانہ کی ثقافتی اور سیاحتی ترقی کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
نندنی گپتا نے اس موقع پر تلنگانہ حکومت کی میزبانی اور ریاست کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والا Miss World 2025 نہ صرف ایک خوبصورتی کا مقابلہ ہے بلکہ یہ ریاست کی ثقافت، روایات اور مہمان نوازی کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا موقع بھی ہے۔
اس تقریب میں مختلف سرکاری عہدیداران، سیاحتی شعبے کے نمائندگان اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران تلنگانہ کی ثقافتی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں، جس سے مہمانوں کو ریاست کی روایات اور ثقافت سے روشناس کرایا گیا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے اس بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کو ایک تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ریاست کی عالمی سطح پر شناخت بڑھے گی بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔