حیدرآباد: شہر کے نواحی علاقہ نارسنگی کے حیدرشاہ کوٹ میں جمعرات کی صبح ایک پرائیویٹ ٹراویلس کی بس بے قابو ہو کر دوسری گاڑیوں اور ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، بس کے ڈرائیور نے توازن کھو دیا، جس کی وجہ سے بس پہلے ایک موٹر سائیکل، پھر بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے کے باعث سڑک کے دونوں جانب شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹریفک کو بحال کرنے کی کارروائی شروع کی۔ بس کے مالک نے میڈیا کی کوریج پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ویڈیوز بنانے سے روکا، جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے وہاں کشیدگی دیکھی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔