N.S. Boseraju

حیدرآباد: تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرامارکا نے ہفتہ کے روز سینئر کانگریس قائد [en]N.S. Boseraju[/en] کو گاندھیائی اقدار کا عملی مظہر اور آئینی اصولوں کا سچا عکاس قرار دیا۔

وہ کرناٹک کے رائچور میں منعقدہ این ایس بوس راجو کی سوانح حیات چیتنیا ساگر کی رسمِ اجرا کے موقع پر مخاطب تھے۔

بھٹی وکرامارکا نے اس موقع پر کتاب کا باقاعدہ اجرا کیا اور سینئر کانگریس لیڈر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بوسے راجو نے اپنی پوری زندگی انڈین نیشنل کانگریس کی نظریاتی بنیادوں پر استوار کی اور پارٹی کے پیغام کو نچلی سطح تک پہنچانے میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔

بھٹی نے کہا کہ ضلع صدر سے لے کر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری، ایم ایل سی، ایم ایل اے اور وزیر جیسے مختلف عہدوں تک ان کی سیاسی جدوجہد بے لوث خدمت اور عزم کی مثال رہی ہے۔

انہوں نے بوسے راجو کو ایک ایسے رہنما کے طور پر بیان کیا جنہوں نے کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے اور پھیلانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی، اور ہمیشہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایات پر پوری لگن سے عمل کیا۔

بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی واپسی میں بوسے راجو کا کردار اہم رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شخصیت میں اصلاحات کے لیے جدوجہد کا جذبہ، سائنسی سوچ، اور قومی و آئینی فرائض سے وابستگی نمایاں ہے۔

 اپنی ذاتی یادوں کا ذکر کرتے ہوئےانہوں نے بتایا کہ جب وہ تلنگانہ کانگریس کے ورکنگ پریذیڈنٹ، انتخابی مہم کمیٹی کے چیئرمین، اور سی ایل پی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، تو بوسے راجو اے آئی سی سی سیکریٹری کے طور پر ریاست میں سرگرم تھے۔

انہوں نے کہا کہ بوسے راجو نے نہ صرف تلنگانہ بلکہ کرناٹک میں بھی کانگریس کی کامیابی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

آخر میں بھٹی وکرامارکا نے بوسے راجو کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صحت، درازی عمر اور کانگریس پارٹی کی مزید خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *