
حیدرآباد: بونالُو تقاریب کے سلسلے میں تلنگانہ کے بی سی ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک خصوصی پانچ روزہ نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جو 25 جون سے 29 جون 2025 تک ٹینک بنڈ پر واقع امبیڈکر مجسمے کے قریب HMDA گراونڈز میں منعقد ہوگی۔ [en]Bonalu Celebrations[/en] کے دوران منعقد کی جانے والی یہ نمائش ریاست کی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے ہنرمندوں کی مہارت اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیئر پونم پربھاکر نے اس نمائش کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد بی سی کاریگروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور عوام کو ان کی ہنر مندی سے روشناس کروانا ہے۔
نمائش میں کمّری برادری کی مٹی کے برتن، گوڑ طبقے کا ‘نیرا’ اسٹال، میداری برادری کے بانس کے اشیاء، پوچم پلی، گدوال اور نارائن پیٹ کی ساڑیاں، موتیوں کا ہنر، اور مختلف بی سی گروہوں کے تیار کردہ روایتی اشیاء شامل ہوں گی۔
اس کے ساتھ ساتھ بیسٹھا برادری کے تیار کردہ تلنگانہ کے روایتی کھانے اور مچھلی سے بنی اشیاء بھی فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔
یہ بی سی کاریگروں کی نمائش ہر دن صبح 10 بجے سے رات 9:30 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی اور داخلہ بالکل مفت ہوگا۔
بی سی ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نمائش میں شرکت کریں، ہنر مند کاریگروں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی مصنوعات خرید کر مقامی ہنرمندی کو فروغ دیں۔