حیدرآباد: ضلع Sangareddy کے علاقے نارے گوڈم میں پیر کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں کار کی زد میں آکر دو کمسن بہن بھائی ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون، اپنے شوہر کے ساتھ ڈرائیونگ سیکھ رہی تھی اور توازن کھو بیٹھنے کے بعد بچوں کو ٹکر دے دی۔
تفصیلات کے مطابق 10 سالہ منی ورما موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی بڑی بہن 14 سالہ یکاوانی شدید زخمی ہوئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر اسے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا، مگر وہ علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکی۔
مقامی رہائشی شیکھر اپنے دونوں بچوں، منی ورما اور یکاوانی کو پیر کے روز گراؤنڈ میں لے گیا تھا جہاں وہ کھیل رہے تھے۔ اسی دوران مہیشوری نامی خاتون، جو کہ نیویا کالونی کی رہائشی ہے، اپنے شوہر روی شیکھر کے ہمراہ کار ڈرائیونگ کی مشق کے لیے وہاں پہنچی۔ توازن کھونے پر کار بے قابو ہوگئی اور دونوں بچوں کو ٹکر مار دی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کے سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں غم کی فضا چھا گئی اور مقامی افراد نے احتیاطی تدابیر پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔