
حیدرآباد: عنبر پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو حیدرآباد پولیس نے [en]Private Video Access[/en] کے نام پر فحش ویڈیوز کی لائیو اسٹریمنگ چلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ جوڑا ’سویٹی تلگو کپل 2027‘ کے نام سے گزشتہ چار ماہ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر اخلاقی مواد نشر کر رہا تھا۔
تحقیقات کے مطابق، جوڑا انسٹاگرام اور دیگر ایپس کے ذریعے اپنے فحش مناظر کی تشہیر کرتا تھا۔ صارفین سے براہِ راست ویڈیوز دیکھنے کے لیے 2,000 روپئے اور ریکارڈ شدہ مواد کے لیے 500 روپئے وصول کیے جاتے تھے۔
ٹاسک فورس کو خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ان کے مکان پر چھاپہ مارا گیا، جہاں ایک کمرے کو ریکارڈنگ اسٹوڈیو میں تبدیل کیا گیا تھا۔ پولیس نے پردوں کے بیک ڈراپ، کیمرے، موبائل فونز اور اسٹریمنگ کا دیگر سامان برآمد کیا۔
جوڑے کو موقع پر ہی گرفتار کر کے عنبر پیٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ان کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی اُن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جو فحش مواد کی نشر و اشاعت سے متعلق ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا اس نیٹ ورک میں مزید افراد ملوث ہیں یا یہ مواد بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی نشر کیا گیا ہے۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ آن لائن فحش مواد کی اشاعت ایک سنگین جرم ہے، اور ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے سائبر نگرانی کو مزید سخت کیا جائے گا۔