Eagle Task Force

حیدرآباد: ریاست بھر میں منشیات کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پر مادھا پور کے شلپکلا ویدیکا میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں ایک خصوصی [en]Eagle Task Force[/en]تشکیل دی جائے گی جو گانجہ اور دیگر منشیات کی کاشت، ترسیل اور فروخت پر نظر رکھے گی۔

وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ چاکلیٹ اور آئس کریم جیسے مصنوعات میں منشیات ملانا اور انہیں بازار میں فروخت کرنا ایک نہایت تشویشناک رجحان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے معاملات کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کسی تعلیمی ادارے میں منشیات پائی جاتی ہیں تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لت ملک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے اداکار رام چرن اور وجے دیورکونڈا جیسی معروف شخصیات کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی مصروفیات کے باوجود اس بیداری مہم میں شامل ہوئے۔

ریونت ریڈی نے یاد دلایا کہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیتے وقت ہی انہوں نے اعلان کیا تھا کہ جو کوئی بھی گانجہ یا منشیات کے کاروبار میں ملوث ہوگا، اسے بخشا نہیں جائے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد، ہر ادارے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ “منشیات سے پاک تلنگانہ” کا خواب صرف عوام کے بھرپور تعاون سے ہی ممکن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *