
حیدرآباد: ڈونڈیگُل پولیس اسٹیشن حدود کے تحت ملّام پیٹ میں جمعہ کی صبح ایک دلخراش حادثہ [en]Dundigal Accident[/en] پیش آیا، جہاں ایک ٹپر لاری کی ٹکر سے پہلی جماعت کا طالبعلم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بچہ اپنی والدہ کے ساتھ اسکول جا رہا تھا۔ جیسے ہی وہ پلے وی انٹرنیشنل اسکول کے قریب پہنچے، ایک تیز رفتار ٹپر لاری نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں بچہ وہیں دم توڑ گیا۔
اس حادثے کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور اسکول کے سامنے شدید ٹریفک جام ہو گیا۔
پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا، اور حادثے سے متعلق مزید کارروائی کا آغاز کر دیا۔ مقامی افراد اور والدین نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور سڑک پر حفاظت کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا۔