حیدرآباد: Shamshabad کے قریب بنگلور قومی شاہراہ پر اتوار کی صبح پیش آئے ایک خطرناک سڑک حادثہ میں ایک کانسٹیبل ہلاک جبکہ دو دیگر پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ایک تیز رفتار لاری بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس پٹرولنگ گاڑی موقع پر پہنچی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک اور تیز رفتار لاری نے پولیس کی پٹرولنگ گاڑی کو زوردار ٹکر مار دی۔
اس حادثہ میں شمس آباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹیبل وجے کمار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو دیگر کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق لاری ڈرائیور نشہ کی حالت میں تھا اور تیز رفتاری اس حادثے کی اہم وجہ بنی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ کانسٹیبل وجے کمار کی ناگہانی موت پر پولیس محکمے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔