حیدرآباد: جعلی ایپل موبائل لوازمات فروخت کرنے کے الزام میں Hyderabad Police نے جگدیش مارکیٹ سے چار دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی ہفتہ کے روز سینٹرل زون ٹاسک فورس اور عابڈز پولیس کے مشترکہ چھاپوں کے دوران انجام دی گئی۔
گرفتار ہونے والوں میں شری ماتاجی موبائلز کے وکرم سنگھ، آر جی موبائلز کے سریش کمار راجپروہت، راجارام موبائلز کے نثارام چودھری، اور سپنا موبائلز کے محمد سرفراز شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے جعلی ایپل لوازمات جن کی مالیت تقریباً 1.01 کروڑ روپۓ بتائی گئی ہے، برآمد کی گئی ہے۔ ان اشیاء میں ایئر پوڈز، پاور بینکس، یو ایس بی کیبلز، بیٹریاں، فون بیک کورز اور ایپل لوگو اسٹیکرز شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ان جعلی اشیاء کو ممبئی میں موجود مارکیٹنگ ایجنٹس کے ذریعے فراہم کیا جا رہا تھا، جو انہیں حیدرآباد کی مقامی دکانوں تک پہنچاتے تھے۔ بعدازاں یہ اشیاء اصل ایپل مصنوعات کے طور پر مہنگے داموں فروخت کی جا رہی تھیں۔ دکاندار مبینہ طور پر گھٹیا معیار کی اشیاء کو ایپل کے جعلی لوگو لگا کر ری پیکیج کرتے تھے تاکہ خریدار دھوکہ کھا جائیں۔
چاروں افراد جگدیش مارکیٹ میں علیحدہ علیحدہ موبائل دکانیں چلاتے تھے۔ وکرم سنگھ، سریش کمار، نثارام چودھری اور محمد سرفراز کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ضبط شدہ اشیاء اور ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے عابڈز پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر آف پولیس وائی وی ایس سدھیرندرہ نے کی۔