
حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (TPCC) کا توسیعی ایگزیکٹو اجلاس جمعہ کو [en]Gandhi Bhavan[/en] میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے کی۔ اجلاس میں اے آئی سی سی صدر ملیکارجن کھڑگے، جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال، وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، انچارج میناکشی نٹراجن، ڈپٹی سی ایم بھٹی وکرمارکا، اُتم کمار ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری وشنو ناتھن اور دیگر سینئر قائدین شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں مہیش کمار گوڑ نے ریونت ریڈی کو وزیراعلیٰ اور خود کو ٹی پی سی سی صدر مقرر کرنے پر کھڑگے، سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور کے سی وینو گوپال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف صرف کانگریس کے ذریعے ممکن ہے، جس کا ثبوت چار دلت وزراء اور ایک دلت اسپیکر کی تقرری ہے۔
انہوں نے نو منتخب عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نبھائیں، کیونکہ پارٹی میں ملنے والا عہدہ شناخت اور ترقی کا موقع ہوتا ہے۔ گوڑ نے کہا کہ کانگریس کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے ذریعے پارٹی آئندہ انتخابات میں 90 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ “سماجیکا نیایہ سمرا بھیری” کے بینر تلے بلدیاتی انتخابات کی مہم چلائی جائے گی، جس میں کھڑگے گاؤں سطح کے پارٹی صدور کو رہنمائی فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ دیگر ریاستوں کے لیے ایک ماڈل ہے۔ انہوں نے ذات پات مردم شماری، تعلیم، ملازمتوں اور روزگار میں پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ان کی سابقہ TPCC قیادت میں 45 لاکھ فعال رکنیت درج کی۔
انہوں نے ضلع اور بلاک سطح کے قائدین کو تنبیہ کی کہ وہ اپنے عہدوں کو رسمی نہ سمجھیں بلکہ پارٹی دفاتر کو حقیقی قیادت کی تعمیر کا پلیٹ فارم بنائیں۔
ریونت ریڈی نے پیش گوئی کی کہ حلقہ جاتی تنظیم نو، خواتین کے لیے ریزرویشن، اور بیک وقت انتخابات جیسے اقدامات سیاسی منظرنامے کو 2029 تک بدل دیں گے، جس سے نئی قیادت کے ابھرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گاؤں گاؤں کا دورہ کریں، زمینی سطح پر کوآرڈینیشن کو مضبوط بنائیں اور فلاحی اسکیمات کو بھرپور انداز میں عوام تک پہنچائیں تاکہ آئندہ دہائی تک کانگریس اقتدار میں برقرار رہ سکے۔
ریونت نے ملیکارجن کھڑگے کی طویل عوامی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قائدین سے ان کے کیریئر سے تحریک لینے کی اپیل کی۔