تلنگانہ کے محبوب نگر میں قومی شاہراہ پر پرائیویٹ ٹراویلس کی بس میں اچانک آگ لگ گئی، تمام 40 مسافر محفوظ رہے، معمولی زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں آج صبح ایک پرائیویٹ ٹراویلس کی بس میں اچانک آگ لگ گئی، تاہم ڈرائیور کی فوری چوکسی کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے۔
یہ واقعہ جڑچرلہ کی قومی شاہراہ نمبر 44 کے قریب مالے بوئن پلی میں اس وقت پیش آیا جب بنگلورو سے حیدرآباد جانے والی بس کے پچھلے ٹائر میں دھماکہ ہوا، جس کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔ جیسے ہی بس سے کثیف دھواں نکلنے لگا، ڈرائیور نے فوری طور پر گاڑی روک دی، جس سے تمام 40 مسافر بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
اس حادثے میں بعض مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔