
حیدرآباد: تلنگانہ پولیس اور ایلیٹ ایکشن گروپ فار ڈرگ لا انفورسمنٹ (ایگل) نے الپرازولام اسمگلنگ کیس [en]Alprazolam Smuggling Case[/en]میں ملوث چھ ملزمان کی تقریباً 30 کروڑ روپئے مالیت کی جائیدادیں منجمد کر دیں۔ یہ کیس ضلع سنگاریڈی کے گمّاڈی دالا پولیس اسٹیشن میں درج ہے۔
گرفتار شدگان میں گرماگونی سدھیر، بشویشور سنگھ، راجیشور شرما جوشی، گرماگونی سریوانی، بھوانی گری پربھو وارا گوڑ، اور گججالا سریشیلَم گوڑ شامل ہیں، جن کے قبضے سے پہلے ہی 1,090 گرام الپرازولام برآمد کیا جا چکا ہے۔ پولیس کے مطابق ان ملزمین نے منشیات کی غیر قانونی آمدنی سے منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کا ایک جال تیار کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ 2 جولائی کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 (ایف) کے تحت متعلقہ اتھارٹی چنئی کی منظوری کے بعد یہ جائیدادیں باقاعدہ طور پر منجمد کی گئیں۔
ضبط شدہ اثاثوں میں 46.18 ایکڑ زرعی اراضی، عبداﷲپور میٹ میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری، حیدرآباد میں 2 ویلاز، چار کاریں اور قابل لحاظ بینک بیلنس شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ان اثاثوں کی رجسٹری قیمت 6.1 کروڑ روپئے ہے جبکہ موجودہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 30 کروڑ روپئے کے قریب ہے۔
اہم منجمد اثاثوں میں 7 کروڑ روپئے سے زائد مالیت کی اسٹینکیم کیمیکل فیکٹری، 41 لاکھ کی فورڈ اینڈیور کار، اور پرائمس ایپسلون، گنڈلاپوچم پلی، اور مہیدھارا- راک گارڈن چندا نگر میں واقع ولاز شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 1.3 کروڑ سے زیادہ ہے۔
مالیاتی تحقیقات سنگاریڈی ضلع پولیس اور ایگل ٹیم نے ایس پی چندر شیکھر روپیش، آئی پی ایس کی نگرانی میں انجام دیں، جن میں ڈی ایس پیز ٹی. شیوانائیڈو، بی. پشپن کمار اور دیگر انسپکٹرز و اسٹیشن ہاؤس آفیسرز شامل تھے۔
تلنگانہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ایگل ٹیم کو ٹول فری نمبر 1908 یا ای میل [tsnabho-hyd@tspolice.gov.in](mailto:tsnabho-hyd@tspolice.gov.in) پر دیں۔ اطلاع دہندہ کی شناخت مخفی رکھی جائے گی اور مستند معلومات پر انعام بھی دیا جائے گا۔