
حیدرآباد: ضلع سوریہ پیٹ کے آتماکور (جنوبی) منڈل کے گاٹیکل گاؤں میں دو کمسن بھائی اس وقت یتیم [en]Orphaned Brothers[/en] ہوگئے جب ان کے والدین اور دادا کا چند دنوں کے اندر انتقال ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ماراپکا رامولو اور لکشمی کے دو بیٹے تھے۔ سال 2022 میں لکشمی دماغی رسولی سے طویل جدوجہد کے بعد چل بسیں، جس کے بعد رامولو مزدور کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے بچوں کی پرورش کر رہے تھے۔
چار دن قبل رامولو کے والد کا انتقال ہوا، اور ابھی خاندان اس صدمے سے نکل بھی نہ پایا تھا کہ دو دن بعد رامولو خود ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
خاندان میں کوئی قریبی رشتہ دار موجود نہ ہونے کے سبب ایک پڑوسی جوڑے، آر ٹی سی ڈرائیور رمیش اور ان کی اہلیہ نے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
بڑا بیٹا شیوا چھٹی جماعت میں زیر تعلیم ہے، جب کہ چھوٹا بھائی سائی آنگن واڑی اسکول میں پڑھتا ہے۔ رمیش اور ان کی اہلیہ نے عوام اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی تعلیم اور دیکھ بھال کے لیے تعاون فراہم کریں۔