
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر آبپاشی، خوراک اور سیول سپلائیز اُتم کمار ریڈی [en]Uttam Kumar Reddy[/en] کے خلاف ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے معاملے میں نامپلی عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے یہ کارروائی ان کی بار بار طلبی کے باوجود غیر حاضری پر انجام دی۔
اُتم کمار ریڈی پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران بغیر اجازت جلسے منعقد کیے، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ پولیس نے اس معاملے میں ان کے خلاف کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، لیکن نوٹس ملنے کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اُتم کمار ریڈی کو آئندہ سماعت پر 16 جولائی کو ہر حال میں حاضر ہونا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ غیر حاضری کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
یہ کارروائی سیاسی حلقوں میں ہلچل کا باعث بنی ہے اور اس بات پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ ایک وزیرِ کابینہ قانون کی پاسداری میں کیوں ناکام رہا۔ عدالت کے اس فیصلے کو ماڈل کوڈ کی سختی سے عمل آوری کی ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔