
حیدرآباد: مسلسل بارشوں کے نتیجے میں کرشنا ندی کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد حکام نے دریائی نظام میں شامل تمام چھوٹے اور درمیانے ذخائر سے پانی خارج [en]Srisailam Gates Opened[/en] کرنا شروع کر دیا ہے۔
سب سے پہلے جورالا پراجیکٹ سے ایک لاکھ کیوسک سے زائد پانی چھوڑا گیا، کیونکہ آبی سطح مکمل گنجائش تک پہنچ چکی تھی۔ اب سری سیلم پروجیکٹ کے دروازے کھول دیے گئے ہیں، جہاں لگاتار دسویں دن بھی پانی کی آمد جاری ہے۔
سری سیلم میں پانی کی سطح بڑھنے کے سبب حکام نے تین دروازے 10 فٹ تک بلند کیے اور 1,48,535 کیوسک پانی نچلے علاقوں کی طرف چھوڑا۔ موجودہ آمد 1,37,635 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈیم کے دونوں طرف موجود ہائیڈرو پاور اسٹیشنوں میں بجلی کی پیداوار معمول کے مطابق جاری ہے۔ سری سیلم ذخیرہ آب کی مکمل گنجائش 885 فٹ ہے، اور جمعہ کے روز پانی کی سطح 882.70 فٹ تک پہنچ چکی تھی۔
محکمہ آبپاشی اور موسمیات کے عہدیدار صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مزید بارشوں کے سبب ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔