
حیدرآباد: غیر قانونی شراب Illicit Liquor کے خلاف ریاست گیر مہم کے تحت محکمہ ایکسائز نے بدھ کے روز حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں تازہ چھاپوں کے دوران 699 لیٹر غیر مجاز شراب ضبط کی۔
یہ چھاپے گریٹر حیدرآباد حدود کے مالکنٹہ، منگل ہاٹ اور گڈی ملکاپور میں مارے گئے جہاں تین مقدمات درج کر کے تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مالکنٹہ میں 70 لیٹر غیر قانونی شراب موقع پر ہی تلف کر دی گئی جبکہ ملزم مالپا کو حراست میں لیا گیا۔ اسی کیس میں ایس بسورا جو کے خلاف بھی مقدمہ درج ہوا ہے۔
منگل ہاٹ میں، بی انیل گوڑ کے زیر انتظام ایک دکان سے بغیر اجازت فروخت کی جا رہی 247 لیٹر شراب ضبط کی گئی۔ انہیں گرفتار کر لیا گیا جبکہ رام چندرئیا کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا۔
گڈی ملکاپور کے ہیرا نگر میں سب سے بڑی کارروائی دیکھنے کو ملی، جہاں ایک غیر قانونی گودام سے 382 لیٹر غیر مجاز شراب برآمد ہوئی۔ اس کارروائی میں گوڈا راگھویندرا گوڑ کو گرفتار کیا گیا اور رام کرشنا گوڑ کو بھی ملزم بنایا گیا۔ تمام مقدمات کو دھول پیٹ ایکسائز اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، سیرلنگم پلی میں بھی سی آئی نگرجو کی قیادت میں کئی شراب کے ذخیرے پر چھاپے مارے گئے۔
انسدادِ اسمگلنگ و انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر شاہنواز قاسم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست بھر میں ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں، ضبط شدہ شراب کے نمونے لیبارٹری معائنہ کے لیے بھیجے جائیں، اور اگر ملاوٹ پائی جائے تو فوری مقدمات درج کیے جائیں۔
انہوں نے حکم دیا کہ تمام غیر مجاز شراب کی دکانوں کو سیل کیا جائے اور فروخت کنندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ شاہنواز قاسم نے تاڑی سوسائٹیوں، ان کے تحت چلنے والی دکانوں اور شراب کی خریداری کے ذرائع کی مکمل تفصیلات بھی طلب کیں۔
یہ کارروائیاں حالیہ ملاوٹی شراب کے واقعات، خصوصاً کوکٹ پلی میں پیش آئے کیس کے بعد سختی سے کی جا رہی ہیں۔