
حیدرآباد: شہر کے مضافاتی علاقے آدی بٹلہ کے قریب آوٹر رنگ روڈ پر جمعہ کی علی الصبح ایک ہولناک Bolero Crash میں چار افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
حادثہ 18 جولائی کی صبح تقریباً 3 بجے پیش آیا، جب بولیرو گاڑی پداعنبرپیٹ سے بنگلور کی سمت جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق تیز رفتاری کے سبب بولیرو سڑک کے کنارے کھڑے ایک لاری سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور تمام مسافر اندر ہی پھنس گئے۔
پولیس نے لاشوں کو ملبے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے ابراہیم پٹنم منتقل کیا، جب کہ شدید زخمی واحد زندہ بچ جانے والے شخص کو بی این ریڈی نگر کے نیلا دری اسپتال لے جایا گیا۔
پانچوں افراد یادادری گٹہ سے واپس آ رہے تھے کہ یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی تفتیش سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو نیند آ گئی تھی، جس کے باعث بولیرو پیچھے سے لاری سے جا ٹکرائی۔
مہلوکین کی شناخت گرین ویلی ریزورٹ معین آباد کے ملازمین کے طور پر کی گئی ہے۔ ڈرائیور مالوت چندولال (عمر 29 سال) کا تعلق ماسم پلی ٹانڈا، پاکالا کوتہ گوڑہ، ورنگل ضلع سے تھا۔ دیگر افراد میں گاگلو تھ جناردھن (50) دسر ٹانڈا، ورنگل اور کاویلی بال راجو (40) انکاپلی، معین آباد شامل ہیں۔
حادثہ کے بعد جائے وقوعہ پر مقامی پولیس نے معائنہ کیا اور کیس درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔