
حیدرآباد: تلگو فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار فِش وینکٹ جمعہ کی رات حیدرآباد کے چندا نگر میں واقع ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 53 سال تھی۔ وہ کافی عرصے سے گردوں اور جگر کے مرض میں مبتلا تھے اور کئی ماہ سے ڈائیلیسس پر تھے۔
فِش وینکٹ، جن کا اصل نام منگلم پلی وینکٹیش تھا، نے مشیرآباد مارکیٹ میں مچھلی بیچنے کے دنوں میں ’فِش وینکٹ‘ کا لقب حاصل کیا تھا جو ان کی شناخت بن گیا۔ حالت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم بروقت موزوں گردہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کی جان نہ بچ سکی۔
انہوں نے ڈی جے ٹلو، دل، آدی، اتارینتیکی دریدی، گبر سنگھ، آدھورس، جیسی فلموں میں مختصر مگر یادگار مزاحیہ کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی۔ ان کا تلنگانہ لہجہ اور مزاحیہ انداز ناظرین میں بے حد مقبول ہوا۔ انہوں نے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا، اور اکثر مزاحیہ کرداروں میں نظر آئے۔
ہدایتکار وی وی وینائک نے انہیں فلمی دنیا میں پہلا موقع دیا تھا، جبکہ اداکار سری ہری کو ان کے فلمی سفر کا آغاز دلانے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ان کی بیٹی شراونتی نے علاج کے لیے مالی مدد کی اپیل کی تھی، جس پر پون کلیان اور وشوک سین جیسے اداکاروں نے مدد فراہم کی۔
ان کے انتقال کی خبر سے تلگو فلم انڈسٹری میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے، اور کئی نامور فنکاروں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔