
حیدرآباد: حیدرآباد میں آن لائن دھوکہ دہی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر پولیس نے شہریوں، خصوصاً طلباء اور نوجوانوں، پر زور دیا ہے کہ وہ Cyber Crimeسے محتاط رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔
کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بھاسکر ریڈی نے چارلا پلی ڈویژن کے چکری پورم علاقے میں ایک آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ پروگرام چکری پورم ویلفیئر ایسوسی ایشن اور مقامی پولیس کی مشترکہ کاوش تھی۔
انسپکٹر بھاسکر ریڈی نے کہا کہ اگر کوئی شہری آن لائن فراڈ کا شکار ہو تو اسے فوری طور پر سائبر کرائم سیل سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ دھوکہ بازوں کے بینک کھاتوں کو بروقت منجمد کیا جا سکے اور تحقیقات کی جا سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بروقت شکایت سے نہ صرف دھوکہ بازوں کی شناخت اور گرفتاری میں مدد ملتی ہے بلکہ دوسرے شہریوں کو بھی اس سے تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
پولیس افسر نے رہائشی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف جرائم کی روک تھام ممکن ہے بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ بھی مستحکم ہوتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی سے متعلق اقدامات میں پولیس سے مکمل تعاون کریں تاکہ سائبر کرائم جیسے خطرناک رجحانات پر قابو پایا جا سکے۔