
حیدرآباد: تلنگانہ میں Local Body Polls کے سلسلے میں تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جب کہ محکمہ پنچایت راج نے تمام ضلعی پنچایت افسران (DPOs) کو ہنگامی ہدایات جاری کی ہیں۔
تمام اضلاع کو ہدایت دی گئی ہے کہ منڈل اور دیہاتی سطح پر انتخابی مواد، لاجسٹکس، اور سہولیات کا مکمل معائنہ کرکے فوری رپورٹ پیش کریں۔ محکمہ پنچایت راج کے پرنسپل سکریٹری نے ہدایت دی ہے کہ یہ معائنے ہفتہ تک مکمل کیے جائیں اور جہاں نئی اشیاء درکار ہوں وہاں فوری طور پر فراہمی کی درخواست بھیجی جائے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پسماندہ طبقات (بی سی) کے لیے ریزرویشن سے متعلق قانونی صورتحال واضح ہونے کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں میں تیزی پیدا کی ہے۔ امکان ہے کہ الیکشن شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
اس بار بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں منعقد کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں منڈل پریشد حلقوں (MPTC) کے لیے رائے دہی ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں سرپنچ انتخابات ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2019 میں یہ انتخابات تین مراحل میں ہوئے تھے، جو مختلف ریونیو ڈویژنز کی بنیاد پر تقسیم کیے گئے تھے۔ تاہم اس مرتبہ انتخابی عمل کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اگرچہ ان انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کے انتخابی نشان استعمال نہیں ہوتے، لیکن ضلعی حکام نے نئی اسکیم کے مطابق مکمل تیاری شروع کر دی ہے۔