Read in English  
       
Outer Ring Rail
Spread the love

حیدرآباد: بھارت کا پہلا Outer Ring Rail منصوبہ حیدرآباد سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے 392 کلومیٹر طویل سرکلر کاریڈور کی حدبندی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ انتہائی اہم پروجیکٹ 8 اضلاع اور 14 منڈلوں سے گزرتے ہوئے شہر کے اطراف مکمل چکر لگائے گا۔

اس منصوبے پر 12,070 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی اور اس میں 26 نئے ریلوے اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ رُوٹ میں میدک، سنگاریڈی، وقارآباد، رنگا ریڈی، محبوب نگر، نلگنڈہ، یادادری-بھونگیری اور سدّی پیٹ اضلاع شامل ہیں۔ لائن آلیر، ولی گوڑہ، گلہ گوڑہ، ماسائی پیٹ اور گجویل جیسے اہم مقامات سے گزرے گی۔

یہ منصوبہ ابتدائی طور پر 508 کلومیٹر طویل تھا لیکن تین مختلف الائنمنٹ آپشنز کے بعد مرکزی وزراء اشونی ویشنو اور جی کشن ریڈی نے 392.02 کلومیٹر طویل مختصر راستے کو ترجیح دی کیونکہ یہ ترقیاتی کاریڈورز سے قریب ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لمبائی میں کمی کے باوجود منصوبہ رسائی اور ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

Outer Ring Rail کی یہ لائن زیادہ تر 361 کلومیٹر لمبی ریجنل رنگ روڈ (RRR) کے قریب بنے گی اور کئی مقامات پر دونوں کاریڈورز کے درمیان فاصلہ 3 سے 5 کلومیٹر کے درمیان رہے گا۔ تاہم دو مقامات پر یہ فاصلہ 11 کلومیٹر تک ہوگا۔

منصوبے میں 6 ریلوے اوور ریلوے فلائی اوورز بھی شامل ہوں گے، جو ماسائی پیٹ، گلہ گوڑہ، برگولا، ولی گوڑہ، وانگاپلّی اور گجویل میں بنائے جائیں گے جہاں نئی لائن موجودہ ریلوے ٹریک کے اوپر سے گزرے گی۔

رُوٹ کی منظوری کے بعد اب ساؤتھ سنٹرل ریلوے تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹ (DPR) ریلوے بورڈ کو منظوری کے لیے پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔