
حیدرآباد: ایک تازہ واقعہ میں Online Casino Scam کے ذریعہ سائبر مجرموں نے حیدرآباد کے ایک شہری کو 13.42 لاکھ روپئے کا چونا لگا دیا۔
متاثرہ شخص کو “مس آریا” نامی ایک فرضی خاتون نے انسٹاگرام پر رابطہ کیا، جو خود کو ایک آن لائن کیسینو ایپ کی نمائندہ ظاہر کر رہی تھی۔ اس نے بڑی منافع بخش سرمایہ کاری کے وعدوں سے متاثرہ شخص کو جھانسے میں لیا اور مختلف مراحل میں اس سے لاکھوں روپئے منگوائے۔
فراڈسٹرز نے پہلے منافع کی یقین دہانی کرائی اور پھر رقم نکالنے کے بہانے مزید سرمایہ کاری کے لیے دباؤ ڈالا۔ کئی لین دین کے بعد متاثرہ شخص کو شک ہوا اور اس نے سائبر کرائم پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اسی دوران، سکندرآباد کے ایک اور شہری کو بھی سائبر مجرموں نے فرضی “آر ٹی اے چالان” کے ذریعہ دھوکہ دیا۔ مجرموں نے اُسے ایک APK فائل ارسال کی جو ٹریفک چالان کا بھیس لیے ہوئے تھی۔ فائل کھولتے ہی متاثرہ شخص کا بینک اکاؤنٹ ہیک ہو گیا اور ₹1.72 لاکھ کی رقم نکال لی گئی۔
پولیس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ لنکس یا فائلز پر کلک کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری سے قبل مکمل تصدیق کریں۔