
حیدرآباد: تلنگانہ کی Dial-112 Serviceنے جولائی کے مہینے میں چھ بڑے سانحات کو بروقت کارروائی کے ذریعے ٹال دیا، جن میں آگ، خودکشی کی کوشش، ہراسانی اور ایک بچے کی حفاظت شامل ہے۔ یہ تمام واقعات ریاست بھر میں تیز رفتار الرٹس اور پولیس کے موثر اشتراکِ عمل کی بدولت کامیابی سے نمٹائے گئے۔
3 جولائی کو ایس آر نگر، حیدرآباد میں واقع کیفے کافی ڈے میں آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈائل-112 نے مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کو فوری الرٹ کیا۔ شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی۔ فائر سروس نے 20 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا اور چھ افراد کو بحفاظت نکالا۔ ایک شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
5 جولائی کو دیوگیری ایکسپریس میں ایک شخص کو خواتین مسافروں کی ویڈیوز بناتے ہوئے دیکھا گیا۔ ٹی-سیف ایپ پر الرٹ ملنے پر ڈائل-112 نے شنکرام پیٹ، کاماریڈی پولیس اور ریلوے کنٹرول کو اطلاع دی۔ ٹرین کو کاماریڈی میں روکا گیا اور ملزم کو گرفتار کرکے اس کے موبائل سے غیرقانونی ویڈیوز برآمد کی گئیں۔
7 جولائی کو بہادرپورہ فلائی اوور پر ایک خاتون کی خودکشی کی کوشش کو ڈائل-112 پر کال موصول ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے روکا اور خاتون کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
10 جولائی کو کیرالا ایکسپریس میں ایک 9 سالہ بچہ اکیلا سفر کرتا ہوا پایا گیا۔ عینی شاہد کی اطلاع پر ڈائل-112 نے وارنگل جی آر پی کو آگاہ کیا۔ بچے نے والد کا نام بتایا، جسے انسٹاگرام کے ذریعے تلاش کیا گیا۔ چھتیس گڑھ پولیس اور مقامی سرپنچ کی مدد سے والدین کا پتہ چلا اور بچہ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے ذریعے والدین کے حوالے کیا گیا۔
11 جولائی کو آر ٹی او آفس، کونڈاپور کے قریب ایک شخص ٹاور سے کودنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ ڈائل-112 کال پر گچی باؤلی پولیس نے بروقت پہنچ کر اسے بچا لیا۔
15 جولائی کو دیر رات دیشائی پیٹ، وارنگل میں ایک اور خودکشی کی کوشش کی اطلاع پر انتظار گنج پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شخص کو محفوظ کر لیا۔
یہ تمام واقعات تلنگانہ ایمرجنسی رسپانس سپورٹ سسٹم (TGERSS) کے تحت بروقت کارروائی کی وجہ سے کامیابی سے حل ہوئے۔ ریاست بھر میں یہ نظام عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل متحرک ہے۔