
حیدرآباد: انڈیا میٹیورولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (محکمہ موسمیات) نے تلنگانہ بھر میں 26 جولائی تک شدید سے بہت شدید بارشوں Very Heavy Rainfallکا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یہ وارننگ خلیج بنگال میں بن رہے ایک کم دباؤ کے نظام کے پیش نظر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ موسمی نظام آئندہ 24 گھنٹوں میں ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ریاست بھر میں، خاص طور پر حیدرآباد میں، موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
بدھ کے روز حیدرآباد، کریم نگر، ورنگل، نظام آباد، جگتیال، وقارآباد، عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، سدی پیٹ اور بھدراچلم اضلاع میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات کو آصف آباد، عادل آباد، منچریال، ملگ، کھمم، بھدراچلم اور وقارآباد میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
جبکہ جمعہ کے روز عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نظام آباد، جگتیال، پداپلی، بھوپال پلی، ملگ، کھمم، بھدراچلم، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں شدید سے بہت شدید بارشیں متوقع ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں خاص احتیاط برتیں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ضلعی انتظامیہ، ریونیو، بلدیہ اور ایمرجنسی خدمات کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔