
حیدرآباد: محکمہ انکم ٹیکس نے جمعرات کو سابق ریاستی وزیر و ایم ایل اے سی ایچ ملا ریڈی کے بیٹے بھدرا ریڈی کی کومپلی میں واقع رہائش گاہ پر IT Raidsمارا۔ یہ کارروائی ملا ریڈی اسپتال اور سورارم میں واقع ان کے میڈیکل کالج سے جُڑی مالی سرگرمیوں پر حالیہ جانچ کے بعد کی گئی۔
محکمہ انکم ٹیکس کے مطابق، مشکوک اور بھاری نقد لین دین کی اطلاعات پر یہ کارروائی کی گئی۔ چھاپہ مار ٹیم نے بھدرا ریڈی کے گھر پہنچ کر اُن اور ان کے اہلِ خانہ سے حالیہ مالی معاملات، آن لائن اور نقد ادائیگیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔
ذرائع کے مطابق، اہلکاروں نے گھریلو افراد کے موبائل فون ضبط کر لیے اور تفتیش کے دوران اُنہیں گھر کے اندر رہنے کی ہدایت دی گئی۔ فی الوقت یہ واضح نہیں ہوا کہ کوئی غیر محسوب اثاثے برآمد ہوئے یا نہیں۔
ملا ریڈی خاندان کو اس سے قبل بھی انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کارروائیوں کا سامنا رہا ہے، جن میں بھاری نقد رقم کی برآمدگی کی اطلاع دی گئی تھی۔
یہ تازہ چھاپہ اُس وقت ہوا جب دو روز قبل بھدرا ریڈی کی اہلیہ پریتی ریڈی نے بی جے پی قائدین سے ملاقات کی تھی۔ انہیں حالیہ بونالو تہوار کے بینروں میں بھی بی جے پی قائدین کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ان واقعات کے تسلسل نے سیاسی حلقوں میں دلچسپی پیدا کی ہے، اگرچہ محکمہ انکم ٹیکس نے کارروائی کے سیاسی پہلو کی تصدیق نہیں کی ہے۔