
حیدرآباد: یکم اگست سے یو پی آئی صارفین کو نئے ضوابط کا سامنا ہوگا۔ نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کی جانب سے جاری کیے گئے New UPI Rules کے تحت روزانہ بینک بیلنس دیکھنے اور اکاؤنٹس ویو کرنے پر مخصوص حد مقرر کر دی گئی ہے۔
نئے اصولوں کے مطابق، صارفین صرف 50 بار روزانہ یو پی آئی کے ذریعے بینک بیلنس چیک کر سکیں گے۔ اس سے زائد بار چیک کرنے پر سروس چارج لاگو ہوگا۔ اسی طرح، ایک دن میں صرف 25 بار موبائل نمبر سے منسلک بینک اکاؤنٹس کو ویو کیا جا سکے گا۔
این پی سی آئی نے آٹو پے ٹرانزیکشنز کے لیے بھی مقررہ وقت کے سلاٹس نافذ کیے ہیں تاکہ ادائیگیوں میں تاخیر اور ناکامی کو کم کیا جا سکے۔ تاہم، یو پی آئی کے ذریعے رقم کی منتقلی کی موجودہ حد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ادارے نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلیاں یو پی آئی پلیٹ فارم کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور بار بار ہونے والی ادائیگیوں کی پروسیسنگ کو ہموار کرنے کے مقصد سے کی گئی ہیں۔