
حیدرآباد: ناگرکرنول کے اویالواڑہ میں واقع مہاتما جیوتی با پھولے بی سی گرکل گرلز Gurukul School میں خراب دودھ سے بنی دہی کھانے کے بعد 111 طالبات بیمار ہوگئیں۔
یہ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا جب اسکول کی کچن ایجنسی کی جانب سے فراہم کردہ زائدالمیعاد دودھ سے دہی تیار کی گئی، جسے طالبات کو کھانے میں دیا گیا۔ طبی عملے کے مطابق کچن اسٹاف دودھ کے پیکٹ کی میعاد ختم ہونے کا نوٹس نہ لے سکا، جس کے نتیجے میں کھانے میں آلودگی آگئی۔
متاثرہ طالبات کو پیٹ درد، الٹی اور دست کی شکایت ہوئی۔ اسکول میں زیرتعلیم 820 طالبات میں سے 111 نے طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی جنہیں فوری طور پر ناگرکرنول جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد تمام طالبات کو اتوار کی شام ڈسچارج کرکے ہاسٹل واپس بھیج دیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کئی والدین اسپتال پہنچ گئے اور اسکول انتظامیہ سے ناراضی کا اظہار کیا۔ کئی والدین نے اسکول پرنسپل للیتا سے سوال کیا کہ واقعے کے فوراً بعد کیوں اطلاع نہیں دی گئی اور اتنی تاخیر کیوں ہوئی۔
فوڈ سیفٹی افسران نے اسکول کا معائنہ کیا اور کھانے کے نمونے جمع کیے تاکہ لیب میں جانچ کی جا سکے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ریاست بھر میں گرکل اسکولوں کی بدانتظامی، ناقص انفراسٹرکچر اور حکومتی غفلت پر وزیر سطح کے دورے اور سیاسی ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔