
حیدرآباد: تلنگانہ میں خواتین میں ذہنی دباؤ، بےچینی، خاندانی کشمکش اور خودکشی کے خیالات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے سبب بڑی تعداد میں خواتین ذہنی صحت سے متعلق مدد کے لیے رجوع کر رہی ہیں۔
ریاستی حکومت نے 2022 میں ایراگڈہ کے انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں ایک خصوصی Mental Health Helpline’ٹیلی-مانس’ قائم کی تھی، جو روزانہ 150 تا 200 کالز وصول کرتی ہے اور ماہر مشیرین سے براہِ راست رابطہ فراہم کرتی ہے۔
آغاز سے اب تک اس ہیلپ لائن پر 1,38,023 افراد نے رابطہ کیا ہے جن میں 92,013 یعنی 66 فیصد خواتین شامل ہیں۔ پچھلے تین برسوں کے دوران 698 خواتین نے کال پر خودکشی کے خیالات کا اظہار کیا۔
مرد کم کال کرتے ہیں لیکن خودکشی کے خیالات زیادہ رپورٹ کرتے ہیں
اگرچہ خواتین کی تعداد زیادہ ہے، خودکشی کی خواہش کا اظہار زیادہ تر مردوں نے کیا۔ خودکشی کے ارادے سے رابطہ کرنے والے 1,711 افراد میں:
990 مرد
698 خواتین
23 افراد دیگر صنفی شناخت والے تھے
ٹیلی-مانس کے مشیرین نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے تمام معاملات میں خودکشی کو روکا، اور کئی کالرز نے بعد میں مرکز سے دوبارہ رابطہ کر کے اپنی بہتری کی اطلاع دی۔
زیادہ تر کالرز کی عمر 18 تا 45 سال کے درمیان ہے۔
اسکولوں اور کالجوں میں ذہنی صحت سے متعلق شعور کی مہم
ریاستی محکمہ صحت نے ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے لیے اسکولوں اور کالجوں میں آگاہی مہم میں شدت پیدا کی ہے۔ ان پروگراموں کے ذریعے طلبہ کو ذہنی صحت سے نمٹنے کی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں۔
اب تک:
547 کالجس
942 اسکولوں
میں آگاہی کیمپ منعقد کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو ذہنی دباؤ کا سامنا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔