حیدرآباد: وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ اچم پیٹ حلقہ اسمبلی میں زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے تمام برقی پمپ سیٹوں کی جگہ آئندہ ۱۰۰ دنوں کے اندر شمسی توانائی سے چلنے والے پمپ سیٹ نصب کیے جائیں گے، اور یہ حلقہ Indira Soura Giri Jala Vikasam اسکیم کے تحت پورے ملک کے لیے ایک ماڈل حلقہ بنے گا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے پوڈو زمینات کو زرعی استعمال کے قابل بنانے کے مقصد سے شروع کی گئی اندیرا سورا گری جلا وکاسم اسکیم کا آغاز آج ضلع ناگر کرنول کے امرآباد منڈل کے ماچارم گاؤں میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے نائب وزیراعلیٰ بھٹی وکرمارک اور دیگر وزراء کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے کسانوں سے براہ راست ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت کسانوں کو شمسی توانائی سے چلنے والے پمپ سیٹ مفت فراہم کیے جائیں گے، اور انہیں ایک روپیہ بھی ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ کسانوں کو 5 اور 7.5 ہارس پاور کے پمپ فراہم کیے جائیں گے۔
ریونت ریڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شمسی پینل اس انداز سے لگائے جائیں کہ کسان اپنے زرعی کاموں کے بعد اضافی بجلی بھی پیدا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پینل کسانوں کو ماہانہ 3,000 سے 5,000 روپۓ تک آمدنی فراہم کریں گے، اور حکومت اس اضافی بجلی کو خرید کر متعلقہ خاتون کسانوں کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اچم پیٹ حلقے میں چنچو قبائل کو آئندہ 10 دنوں میں اندیرا اماں مکانات الاٹ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کسانوں کو تلقین کی کہ وہ فراہم کردہ پمپ سیٹوں کی حفاظت کریں اور دیگر کسانوں کے لیے شعور بیداری و تربیتی پروگرام منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ نلا مالا جنگلات میں برقی لائنیں بچھانے میں رکاوٹیں ہیں، لیکن اب شمسی توانائی کے ذریعے کسانوں کے کھیتوں تک بجلی پہنچائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر علویلو نامی خاتون کسان نے بتایا کہ 29 کسانوں نے مل کر ایک شمسی پمپ سیٹ نصب کیا ہے، جس سے وہ پھل دار پودوں کی کاشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ موقع فراہم کرنے پر ہم بے حد شکر گزار ہیں، اور آپ کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے خدا کو دیکھا ہو۔
Live: Hon’ble Chief Minister Sri.A.Revanth Reddy participates in the Launching of Indira Soura Giri Jala Vikasam Scheme https://t.co/t7tLsW2NzG
— Revanth Reddy (@revanth_anumula) May 19, 2025