حیدرآباد: ملک کی سرحدوں پر دفاع کرنے والے فوجی کو اپنی ہی زمین کے لیے انصاف نہیں مل رہا۔ سدی پیٹ Siddipet ضلع کے اکبرپیٹ-بھومپلی منڈل کے چودرپلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے بھارتی فوج کے جوان راماسوامی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے فریاد کی کہ اُس کی ایک ایکڑ زرعی زمین پر مبینہ طور پر قبضہ کر لیا گیا ہے، اور انتظامیہ اس کی شکایات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو چکی ہے۔
راماسوامی کا کہنا ہے کہ اُس نے مذکورہ زمین گاؤں کے بزرگوں کے سامنے سادہ کاغذ پر خریدی تھی اور کئی سالوں سے اُس پر کاشت کر رہا تھا، لیکن دھرانی پورٹل پر اب بھی زمین بیچنے والے شخص کا نام درج ہے۔ اس سے بھی سنگین الزام اُس نے یہ لگایا کہ مقامی ولیج ریونیو آفیسر نے ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کر کے زمین کو اپنے بھائی کے نام منتقل کر دیا۔
فوجی کے مطابق اُس نے کئی بار ریونیو اور پولیس حکام سے رجوع کیا، مگر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ نہ آر ڈی او نے جواب دیا، نہ ہی ضلع کلکٹر کی جانب سے کوئی سنوائی ہوئی۔ دریں اثنا، مبینہ قبضہ کرنے والے افراد نے اُس کے ضعیف والدین کو دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔
ویڈیو میں راماسوامی نے اپیل کی کہ برائے مہربانی انصاف فراہم کیا جائے۔ اُس نے کہا: مجھے صرف اپنی زمین واپس چاہیے، کوئی اور مطالبہ نہیں۔
جوان کی اس کھلی فریاد کے باوجود تاحال انتظامیہ کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔