
حیدرآباد: ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر سنجے کمار سریواستو نے جمعرات کے روز قاضی پیٹ میں زیر تعمیر Ayodhyapuram Coach Factory کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سکندرآباد سے ایک خصوصی کوچ کے ذریعے سفر کرتے ہوئے سریواستو نے قاضی پیٹ وی آئی پی لاؤنج میں ریلوے کے ڈویژنل عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر ضلع ورنگل کی کلکٹر ستیہ سریدھا دیوی اور ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نینی راجندر ریڈی نے مقامی مسائل پر مشتمل نمائندگیاں پیش کیں۔
دورہ کے دوران انہوں نے کئی زیر تعمیر یونٹس کا معائنہ کیا، جن میں پیریاوڈیکل اوور ہالنگ یونٹ، ویگن مینوفیکچرنگ یونٹ، کوچ فیکٹری، اور مین لائن الیکٹرک ملٹی پل یونٹ (MEMU) سہولت شامل ہیں۔ جی ایم سریواستو نے کہا کہ کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔
اندرونی و معاون انفرااسٹرکچر کی تکمیل مالی سال کے اختتام تک متوقع ہے، جس کے بعد فیکٹری باقاعدہ طور پر کام شروع کرے گی۔
بعد ازاں جنرل منیجر نے امرت بھارت اسکیم کے تحت قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن پر جاری اسٹیشن ری ڈیولپمنٹ کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
ایودھیا پورم پراجیکٹ کے لیے زمین دینے والے افراد نے بھی سریواستو سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ ان کے خاندانوں کو زیر تعمیر کوچ فیکٹری میں ملازمت دی جائے۔ اس پر سریواستو نے یقین دہانی کرائی کہ معاملہ زیر غور ہے اور مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔