
حیدرآباد: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے جمعرات کو مہیشورم جنرل پارک میں مالابار جیمز اینڈ جیولری مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے تلنگانہ کی صنعتی ترقی کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کیا اور مہیشورم میں 30,000 ایکڑ پر مشتمل ایک جدید شہر [en]Bharat Future City[/en] تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔
ریونت ریڈی نے صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کریں، کیونکہ ریاست میں پالیسیوں کا تسلسل اور سازگار ماحول ان کی سرمایہ کاری کو محفوظ اور منافع بخش بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی مثبت صنعتی پالیسیوں کا تسلسل موجودہ حکومت بہتر انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت فیوچر سٹی کو دنیا کے سب سے جدید شہروں میں شامل کیا جائے گا، اور اس کے ماسٹر پلان پر سنگاپور سمیت بین الاقوامی ماہرین کام کر رہے ہیں۔ اس میگا پروجیکٹ کو “تلنگانہ رائزنگ 2047” وژن ڈاکیومنٹ کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جسے 9 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد اب نہ صرف ممبئی، بنگلورو اور چنئی جیسے میٹرو شہروں کا مقابلہ کر سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں تیار ہونے والے 35 فیصد بلک ڈرگز حیدرآباد سے آتے ہیں، اور مالابار جیولری یونٹ تلنگانہ کو زیورات کی صنعت میں بھی مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے مالابار گولڈ گروپ کی جانب سے تلنگانہ کے انتخاب کو ایک بروقت اور اسٹریٹیجک فیصلہ قرار دیا اور کمپنی کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر صنعت ڈی سری دھر بابو، پی سی سی صدر اور ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، مالابار گروپ کے چیئرمین ایم پی احمد، نائب صدر عبدالسلام اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
తెలంగాణలో పారిశ్రామిక రంగం అభివృద్ది చెందడానికి ఆయా పరిశ్రమలకు అవసరమైన ప్రోత్సాహకాలు అందించడానికి ప్రభుత్వం సిద్ధంగా ఉందని ముఖ్యమంత్రి శ్రీ @revanth_anumula గారు చెప్పారు. రాష్ట్రంలో పెట్టుబడులకు రక్షణ కల్పించడమే కాకుండా లాభదాయకంగా ఉండేందుకు ప్రభుత్వం సహకారం అందిస్తుందని… pic.twitter.com/pEHvxqCxHa
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) July 3, 2025