
حیدرآباد: یونیسیف انڈیا کے چیف آف چائلڈ پروٹیکشن، جیرس لیگو نے حیدرآباد میں قائم [en]Bharosa Center[/en] کا دورہ کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے فراہم کی جانے والی یکجا خدمات کی زبردست ستائش کی۔ انہوں نے بھروسہ سنٹر کو ایسا ماڈل قرار دیا جس سے ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
دورے کے بعد اپنے بیان میں لیگو نے کہا:
“یہ اس بات کا بہترین مظاہرہ ہے کہ جدید شہروں میں بچوں اور خواتین کے تحفظ کو کیسے مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ یہ حق ہے، کوئی رعایت نہیں۔ شاباش!”
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی باہمی کوآرڈینیشن نے متاثرین کے لیے عالمی معیار کی خدمات فراہم کی ہیں۔
انہوں نے چائلڈ فرینڈلی کورٹ کا بھی دورہ کیا اور اس کے ڈیزائن و کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے مراکز اور انفراسٹرکچر کو دیگر علاقوں میں بھی قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ بچوں کے تحفظ کے عالمی نظام کو مضبوط کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ویمن سیفٹی) ڈاکٹر لاونیا این جے پی، انسپکٹر جی منجولا، سنٹر ایڈمنسٹریٹر میری آگسٹین اور بھروسہ ٹیم نے یونیسیف وفد کو سنٹر کی سرگرمیوں، بین المحکماتی تعاون اور متاثرہ خواتین و بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
یاد رہے کہ بھروسہ سنٹر حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے قائم کردہ ایک مربوط مرکز ہے، جو تشدد سے متاثرہ خواتین اور بچوں کو قانونی، طبی، نفسیاتی اور پولیس امداد ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرتا ہے۔