حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع یادادری بھونگیر کے چوٹ اُپّل کے قریب ایک المناک سڑک حادثے Bus Hits Lorryمیں دو افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہو گئے، جب ایک ٹریول بس سڑک کے کنارے کھڑی ایک خراب لاری سے جا ٹکرائی۔
یہ حادثہ کائتا پورم کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب وجئے واڑہ سے حیدرآباد جانے والی ایک لاری فنی خرابی کے باعث قومی شاہراہ پر رکی ہوئی تھی۔ چند ہی لمحوں بعد، وجئے واڑہ سے روانہ ہو کر حیدرآباد جانے والی ایک مسافر بس تیز رفتاری کے ساتھ پیچھے سے آ کر لاری سے ٹکرا گئی۔
دونوں گاڑیوں کے درمیان ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس ڈرائیور اور ایک خاتون مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ کئی مسافر زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو چوٹ اُپّل سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر دونوں طرف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک نظام متاثر ہو گیا۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹایا اور ٹریفک کو بحال کیا۔ چوٹ اُپّل کے سرکل انسپکٹر منمتھ کمار نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور بتایا کہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔