حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند اقلیتی طلبہ کے لیے CM Overseas Scholarship اسکیم کے تحت ایک اہم اعلان جاری کیا ہے، جس کے تحت موسم بہار 2025 کے داخلوں کے لیے اسکالرشپ کی درخواستیں یکم جون سے قبول کی جائیں گی۔
اقلیتی بہبود کے محکمہ کے مطابق درخواست دینے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے، اور تمام درخواستیں ویب سائٹ www.telangana.cgg.gov.in کے ذریعہ آن لائن داخل کی جا سکتی ہیں۔ جو طلبہ یکم جنوری تا 30 جون 2025 کے درمیان کسی تسلیم شدہ غیر ملکی یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرچکے ہیں، وہ اس اسکالرشپ کے اہل سمجھے جائیں گے۔ یہ اسکیم صرف پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کورسز کے لیے مخصوص ہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت اہل طلبہ کو 20 لاکھ روپئے تک کی مالی امداد دی جائے گی، ساتھ ہی ایک طرفہ فضائی سفر کے لیے 60,000 روپئے کا اضافی وظیفہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسکالرشپ ان طلبہ کے لیے دستیاب ہے جو امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، سنگاپور، جرمنی، جنوبی کوریا، جاپان، فرانس، اور نیوزی لینڈ جیسے ممالک کی معروف یونیورسٹیوں میں داخلہ لے چکے ہوں۔
حکام نے واضح طور پر انتباہ دیا ہے کہ جعلی دستاویزات جمع کرانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند طلبہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ تمام دستاویزات درست اور مکمل فراہم کریں۔
یہ اسکالرشپ اسکیم ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے، جس سے عالمی معیار کی تعلیم کا خواب اب حقیقت بن سکتا ہے۔