42فیصد بی سی ریزرویشن کے لیے جدوجہد جاری رہے گی‘ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا عزم

بی سی ریزرویشن

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے ریاستی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ بی سی ریزرویشن کو 42فیصد تک بڑھانے کے لیے قیادت کریں گے اور اس مقصد کے حصول تک آرام نہیں کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ راہول گاندھی نے انتخابات سے قبل بی سی ریزرویشن بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، اور ان کی حکومت اب اس وعدے کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ریونت ریڈی نے بتایا کہ 4 فروری 2024 کو تلنگانہ حکومت نے بی سی کاسٹ سینسس (ذات پات مردم شماری) کا آغاز کیا، جو سماجی انصاف کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے مردم شماری میں حصہ لینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے عوام بی سی ریزرویشن کے حق میں متفق ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے انکشاف کیا کہ پچھلی حکومت نے گورنر کو بی سی ریزرویشن کو37 فیصدتک بڑھانے کی تجویز بھیجی تھی، لیکن ان کی حکومت نے اس تجویز کو واپس لے کر 42 فیصد ریزرویشن کے لیے ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔

اسمبلی میں 4 فروری کو سوشل جسٹس ڈے کے طور پر منانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی سی ریزرویشن بل تمام فریقین سے مشاورت کے بعد اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے، تاکہ اس پر وسیع تر اتفاق رائے حاصل ہو۔

ریونت ریڈی نے اسمبلی میں تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں اور بی سی ریزرویشن کے لیے ضروری قانونی ترامیم پر زور دیں۔ انہوں نے بی جے پی کے مرکزی وزراء کشن ریڈی، بنڈی سنجے، اور دیگر بی جے پی لیڈروں سے درخواست کی کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت دلانے میں مدد کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ راہول گاندھی کو پارلیمنٹ میں بی سی ریزرویشن کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ تلنگانہ حکومت کی بی سی مردم شماری 100فیصد درست ہے اور یہی ریزرویشن پالیسی کی بنیاد بننی چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب تک 42 فیصد بی سی ریزرویشن کو یقینی نہیں بنایا جاتا، تب تک حکومت آرام نہیں کرے گی۔

ریونت ریڈی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کاما ریڈی ڈیکلریشن پر حکومت پوری طرح کاربند ہے اور سماجی انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

Exit mobile version