حیدرآباد: تلنگانہ کے یادگیری گٹہ ٹاؤن میں کانگریس کے رکن اسمبلیCongress MLA بیرلا ایلیا کے اسسٹنٹ نے ہفتہ کی رات ان کی قیامگاہ پر خودکشی کر لی۔ متوفی کی شناخت روی کے طور پر ہوئی ہے، جو رکن اسمبلی کے مکان کے عقب میں کرایہ کے ایک حصے میں مقیم تھا۔
پولیس کے مطابق، روی کو ان کی رہائش گاہ میں پھانسی پر لٹکا ہوا پایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حالیہ دنوں میں ایم ایل اے نے انہیں کسی بات پر ڈانٹا تھا، جس کے بعد یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
روی گزشتہ دو دنوں سے اپنے آبائی گاؤں سیداپور میں مقیم تھا، لیکن اچانک واقعے سے کچھ دیر قبل واپس آ گیا، جس پر مقامی افراد نے شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ وہ آخر کیوں اچانک واپس آیا اور ایم ایل اے کی رہائش گاہ پر ہی اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ روی اور اس کی اہلیہ کئی برسوں سے ایم ایل اے کے گھر میں کام کر رہے تھے۔
ان کی لاش کو رات گئے بھونگیر ضلع کے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعد میں ایم ایل اے ایلیا خود پہنچے اور لاش کا معائنہ کیا۔ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔