حیدرآباد: گاندھی اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ راج کماری نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں Covid کے معاملات پر عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وائرس کی نئی قسم جے این ون کی شدت کافی کم ہے اور یہ ایک نسبتاً ہلکی نوعیت کی شکل ہے۔
انہوں نے ایک تلگو نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا مدافعتی نظام اب بہتر ہو چکا ہے، اسی لیے انہیں خوفزدہ ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاندھی اسپتال کے متعلقہ شعبوں کو مکمل طور پر چوکس کردیا گیا ہے، اور نرسنگ اسٹاف، ڈاکٹرس اور ضروری ادویات پہلے سے دستیاب ہیں۔
راج کماری نے بتایا کہ تاحال محکمہ صحت کی جانب سے کوئی خصوصی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، تاہم اسپتال کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ متاثرہ افراد اپنے گھروں میں ہی الگ تھلگ رہیں اور معمولی علامات کی صورت میں ماسک کا استعمال کریں، کھانسی یا چھینک کے دوران منہ ڈھانپیں، اور ڈاکٹروں کے مشورے سے علاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو سانس لینے میں دشواری یا آکسیجن کی سطح میں کمی جیسی شدید علامات ظاہر ہوں، تو ایسے مریضوں کو اسپتال میں داخل کرنا ضروری ہے۔ تاہم اس مرتبہ ایسے سنگین معاملات کی شرح نہایت کم ہے۔
راج کماری نے مزید وضاحت کی کہ گاندھی اسپتال میں ریفرل لیب قائم ہے، جہاں دیگر اسپتالوں سے بھی نمونے آ رہے ہیں اور ان کی جانچ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الوقت گاندھی اسپتال کو کوویڈ کے لیے نوڈل سنٹر مقرر نہیں کیا گیا ہے، حالانکہ پہلے یہ اسپتال نوڈل سنٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکا ہے۔